مانسہرہ کے علاقے ڈھوڈیال سے تعلق رکھنے والا فیاض نامی نوجوان مبینہ طور پر زائد نشہ کرنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔ ذرائع کے مطابق نوجوان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، جس پر اہلِ خانہ نے فوری طور پر اسے طبی امداد فراہم کرنے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس کے مطابق ضروری ضابطے مکمل کرنے کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ موت کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
علاقے میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے پر اہلِ علاقہ میں گہرے دکھ اور تشویش کی لہر پائی جاتی ہے، جبکہ شہریوں نے نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال پر سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔