گلیات کے سیاحتی مقامات پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف آگاہی اور مانیٹرنگ

23


ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد قمر حیات خان کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی ٹریفک سرکل گلیات سردار واجد کی نگرانی میں ٹریفک پولیس ایبٹ آباد نے گلیات کے مختلف سیاحتی اور حساس مقامات پر ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لیے خصوصی ناکہ بندیوں اور آگاہی مہم کا انعقاد کیا۔
ناکوں پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ملکی و غیر ملکی سیاحوں سمیت مقامی شہریوں کو محفوظ ڈرائیونگ، لین ڈسپلن کی پابندی، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے لازمی استعمال، تیز رفتاری سے اجتناب، اوور ٹیکنگ کے خطرات اور برف باری و خراب موسم میں ڈرائیونگ کے دوران احتیاطی تدابیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس دوران شہریوں میں ٹریفک آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے، جن میں پہاڑی علاقوں میں محفوظ سفر، گاڑی کی فٹنس، بریکس کی جانچ، دھند اور برف میں رفتار کم رکھنے اور ٹریفک اشاروں کی پابندی سے متعلق ہدایات شامل تھیں۔
ٹریفک پولیس اہلکاروں نے سیاحوں کو ہدایت کی کہ وہ غیر ضروری رش، غلط پارکنگ اور خطرناک ڈرائیونگ سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اس موقع پر ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شہریوں اور سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ اور ٹریفک نظام کو ہر صورت رواں دواں رکھنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گلیات سمیت ضلع بھر میں آئندہ بھی ٹریفک قوانین سے آگاہی، خصوصی ناکہ بندیوں اور مانیٹرنگ کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں