ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی ہدایت پر پولیس جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت بڑھانے کے لیے جدید فائرنگ مقابلوں کا انعقاد

23


ہری پور:
ہری پور پولیس کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو مزید بہتر بنانے اور جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے فائرنگ کے خصوصی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مقابلوں میں پولیس افسران و جوانوں نے تھرمل ویپن، سنائپر رائفل اور نائٹ وژن آلات کے عملی استعمال کی مشق کی۔
یہ فائرنگ مقابلے آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ڈی آئی جی ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں منعقد کیے گئے، جبکہ ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی ہدایت پر اس تربیتی سرگرمی کا اہتمام کیا گیا۔
مقابلوں کی نگرانی ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر محمد تنویر اور ماہر انسٹرکٹرز نے کی، جہاں پولیس جوانوں نے مختلف اہداف پر نشانہ بازی کی عملی مشق کی۔ فائرنگ مقابلوں کے دوران مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر چار بہترین پولیس جوانوں کا انتخاب کیا گیا، جو آئندہ صوبائی سطح پر سنائپر اور تھرمل ویپن سائٹ کے مقابلوں میں ہری پور پولیس کی نمائندگی کریں گے۔
ان فائرنگ مقابلوں کا بنیادی مقصد پولیس اہلکاروں کو جدید اسلحہ اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی تربیت دینا، نشانہ بازی کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں کسی بھی ہنگامی یا چیلنجنگ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رکھنا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اس طرح کی عملی تربیت سے نہ صرف فورس کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں بہتری آتی ہے بلکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو بھی مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں