ہری پور میں بھکاری مافیا پر بڑا کریک ڈاؤن، سٹی پولیس کی کارروائی میں متعدد خواتین گرفتار.

31

ہری پور: شہر کو پیشہ ور گداگروں اور منظم بھکاری مافیا سے پاک کرنے کے لیے ہری پور سٹی پولیس نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے، جن کے دوران متعدد پیشہ ور گداگر، بالخصوص خواتین، کو حراست میں لے لیا گیا۔
یہ کارروائیاں ضلع پولیس سربراہ (ڈی پی او) ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی خصوصی ہدایات پر کی گئیں، جن کے تحت پورے ضلع میں منظم انداز میں بھیک مانگنے والے گروہوں، نوسرباز عناصر اور بھیک کی آڑ میں سرگرم مشکوک نیٹ ورکس کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ایس ایچ او تھانہ سٹی صدیق شاہ نے نفری پولیس اور لیڈی پولیس کے ہمراہ شہر کے مصروف بازاروں، چوراہوں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر خصوصی کارروائیاں کیں۔ دورانِ آپریشن متعدد خواتین گداگروں کو گرفتار کیا گیا جو طویل عرصے سے پیشہ ورانہ طور پر گداگری میں ملوث پائی گئیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار خواتین کا تعلق شورکوٹ، گجرانوالہ، شیخوپورہ اور ملتان سمیت مختلف شہروں سے ہے، جو عارضی طور پر ہری پور کے نواحی علاقوں پانڈک، درویش اور دیگر مقامات پر رہائش پذیر تھیں اور منظم انداز میں بھیک مانگنے میں مصروف تھیں۔
تمام گرفتار ملزماؤں کے خلاف گداگری ایکٹ 11 کے تحت باقاعدہ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور سرغنوں تک بھی پہنچا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پیشہ ور گداگری نہ صرف عوام کے ساتھ دھوکہ ہے بلکہ اس کی آڑ میں جرائم، نوسربازی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خدشات بھی موجود رہتے ہیں، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔
آخر میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں، بازاروں، چوراہوں یا دیگر عوامی مقامات پر مشکوک یا پیشہ ور گداگروں کی موجودگی کی صورت میں فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن کو اطلاع دیں، تاکہ بروقت اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں