مانسہرہ: اپر بگل چار بٹراسی چیک پوسٹ کے قریب نوجوان قتل، علاقہ سوگ میں ڈوب گیا.

31

مانسہرہ تھانہ گڑھی حبیب اللہ کی حدود میں اپر بگل چار بٹراسی چیک پوسٹ کے قریب ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان سردار اویس ولد محمد شفیق الرحمن، ساکن بٹراسی، جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصے اور رنج و الم کی فضا قائم ہو گئی۔
مقتول نوجوان کی اچانک موت نے اہلِ خانہ بالخصوص والدین کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا۔ والد کی بے بسی، آنسو اور ماں کی حالت دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ نوجوان بیٹے کی جدائی والدین کے لیے ناقابلِ برداشت سانحہ ہے، جس کے دکھ کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں والدین کی حالت دیکھ کر ہر دل افسردہ ہو گیا۔
واقعے کے بعد اہلِ علاقہ، مقتول کے لواحقین اور برادری کے افراد نے احتجاجاً روڈ بلاک کر دیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر تین دن کے اندر اندر قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو اہلِ خانہ اور برادری مل کر انتظامیہ کے خلاف پرامن احتجاج اور دھرنا دیں گے۔ مظاہرین نے واضح کیا کہ ہر صورت قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں