بٹگرام پولیس اہلکاروں اور شہداء کے خاندانوں کے لیے بڑا تعلیمی ریلیف.

33

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ضلع بٹگرام میں پولیس ملازمین، پولیس شہداء اور غازیوں کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام محمد ایاز نے اباسین ٹیکنیکل کالج بٹگرام اور PACE انسٹیٹیوٹ آف آئی ٹی بٹگرام کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے، جس کا مقصد پولیس اہلکاروں کے بچوں کو معیاری اور جدید تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
معاہدے کے مطابق پولیس شہداء اور شدید زخمی (غازی) اہلکاروں کے بچوں کو تعلیمی فیس میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ آن سروس اور ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے بچوں کو 50 فیصد فیس میں خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔ یہ رعایت مختلف تعلیمی و تکنیکی کورسز پر لاگو ہوگی تاکہ طلبہ جدید مہارتیں حاصل کر کے عملی زندگی میں بہتر مواقع پا سکیں۔


اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام محمد ایاز نے کہا کہ پولیس شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے بچوں کی معیاری تعلیم، تربیت اور روشن مستقبل محکمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کے ساتھ یہ اشتراک پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے ایک دیرپا، مثبت اور فلاحی اقدام ثابت ہوگا، جو نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ معاشرتی سطح پر بھی خوشگوار اثرات مرتب کرے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات سے پولیس فورس کے مورال میں اضافہ ہوگا اور اہلکار مزید جذبے اور اعتماد کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں