مانسہرہ: اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی خصوصی ہدایت پر مانسہرہ میں 18 ارب روپے کی خطیر لاگت سے جاری گریوٹی فلو واٹر سپلائی اسکیم کی اہمیت کے پیش نظر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

22

اجلاس کی صدارت میں منصوبے کی مجموعی پیش رفت، درپیش انتظامی و تکنیکی مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی نائب صدر پاکستان تحریکِ انصاف کمال سلیم سواتی، ریجنل جنرل سیکرٹری و فوکل پرسن گریوٹی فلو اسکیم سردار محمد خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مانسہرہ عثمان، چیئرمین اکمل خان، چیئرمین عامر عزیز خان اور وائس چیئرمین ندیم شہزاد سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔


اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر عابد شاہ نے شرکاء کو منصوبے کے مختلف تکنیکی، مالی اور انتظامی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ گریوٹی فلو اسکیم مانسہرہ کے شہری و دیہی علاقوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ایک میگا پراجیکٹ ہے، جس سے مکمل ہونے کے بعد لاکھوں شہری مستفید ہوں گے۔ انہوں نے اب تک ہونے والی پیش رفت، درپیش رکاوٹوں اور ان کے ممکنہ حل سے بھی آگاہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی نائب صدر پی ٹی آئی کمال سلیم سواتی نے کہا کہ عوام کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مانسہرہ کی گریوٹی فلو واٹر اسکیم عوامی فلاح و بہبود کا ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے، جس کی بروقت تکمیل اور شفاف عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مانسہرہ عثمان نے اجلاس میں موجود تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ منصوبے کی رفتار تیز ہو اور عوام جلد از جلد اس بنیادی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ اس اہم منصوبے کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گریوٹی فلو واٹر سپلائی اسکیم کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کر کے مانسہرہ کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں