نسیم خان نے منشیات برآمدگی کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، 342 کلوگرام چرس پکڑ لی.

17

ہزارہ ریجن میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران ایک بڑی کامیابی سامنے آئی ہے۔ ایکسائز انٹیلی جنس بیورو ہزارہ ریجن کے ایڈیشنل ایس ایچ او نسیم خان نے ایک کارروائی میں 342 کلوگرام (ساڑھے آٹھ من) چرس برآمد کرکے اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔
ذرائع کے مطابق نسیم خان ملک بھر میں بھاری مقدار میں منشیات کی برآمدگی کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں اور متعدد بڑی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔ ان کی مسلسل اور مؤثر کارروائیوں کے باعث منشیات فروشوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں بعض عناصر کی جانب سے ان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ بھی کیا جاتا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات نسیم خان اپنی نفری کے ہمراہ فرید اللہ فش پوائنٹ کے قریب موجود تھے کہ مخبرِ خاص نے اطلاع دی کہ ایک گاڑی کے ذریعے بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کی جا رہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی فوری ناکہ بندی کی گئی اور مشکوک ٹیوٹا ہائی لکس نمبر SB-3915 (مظفرآباد) کو روک کر تلاشی لی گئی۔
تلاشی کے دوران گاڑی میں موجود بوریوں سے 342 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔ پولیس نے موقع پر موجود ملزم محمد ارشد ولد ممتاز خان کو گرفتار کر کے اس کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس اسمگلنگ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور سرغنوں تک پہنچا جا سکے۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں