مانسہرہ — سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو خیبرپختونخوا جناب عامر سلطان نے ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ کے ہمراہ ضلع مانسہرہ کا اہم دورہ کیا، جس کا مقصد لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن اور جاری سیٹلمنٹ آپریشن کا جائزہ لینا تھا۔




دورے کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایک جامع بریفنگ کا اہتمام کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر مانسہرہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ، اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو)، سیٹلمنٹ آفیسر، ڈپٹی ڈائریکٹر سروس ڈیلیوری سنٹر اور ضلع بھر کے تمام تحصیلداروں نے شرکت کی۔
بریفنگ کے دوران لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے موجودہ مراحل، عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات، درپیش چیلنجز اور سیٹلمنٹ آپریشن کی پیش رفت پر تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔ افسران کو بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے زمینوں کے ریکارڈ کو شفاف اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ عوام کو سروس ڈیلیوری سنٹرز کے ذریعے بروقت فرد، انتقال اور دیگر ریونیو خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے، عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے اور سیٹلمنٹ آپریشن کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریونیو نظام میں شفافیت، احتساب اور عوامی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے۔
دورے کے اختتام پر سینئر ممبر نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید اور مؤثر لینڈ مینجمنٹ سسٹم سے نہ صرف تنازعات میں کمی آئے گی بلکہ عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد بھی مضبوط ہوگا۔