رمضان میں گرانفروشی پر کریک ڈاؤن: ایبٹ آباد میں تین دکانیں سیل، ایک دکاندار جیل منتقل.

9

ایبٹ آباد ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد کامران علی شاہ نے رمضان المبارک کے پیش نظر جب پل اور کالج روڈ کے مختلف تجارتی مراکز کا اچانک دورہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، صفائی کے انتظامات اور سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔
کارروائی کے دوران سنگین خلاف ورزیوں پر جانو بٹ سمیت تین دکانوں کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا، جبکہ ایک دکاندار کو سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا۔ متعدد دیگر دکانداروں کو ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے، سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے اور ناقص صفائی کی صورتحال پر جرمانے عائد کیے گئے۔
انتظامیہ کے مطابق سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی عوامی شکایت پر بھی فوری کارروائی عمل میں لائی گئی اور شکایت کا ازالہ یقینی بنایا گیا۔ اے اے سی کامران علی شاہ نے اس موقع پر دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ مقررہ نرخوں پر اشیاء فروخت کریں، صفائی کا خاص خیال رکھیں اور حکومتی احکامات کی مکمل پاسداری کریں۔


ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور صفائی کے ناقص انتظامات ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے، اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں