ایبٹ آباد میں تھانہ نواں شہر کے نئے ایس ایچ او کیڈٹ قمر شہزاد نے چارج سنبھالتے ہی منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ پولیس نے پہلی بڑی کارروائی کے دوران ملزم محمد خطاب ولد شوکت سکنہ چونا کاری کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک کلو 590 گرام ہیروئن برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، جس کے دوران مشتبہ شخص کو ناکہ بندی کر کے گرفتار کیا گیا۔ برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے، جو مختلف علاقوں میں سپلائی کی جانی تھی۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ نواں شہر اور اس کے گردونواح میں منشیات فروشی ایک سنگین سماجی مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ گلی محلوں میں کھلے عام منشیات فروخت کیے جانے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق نوجوانوں کو خطرناک نشے کی لت میں مبتلا کر کے انہیں بلیک میل کرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، جس پر والدین اور سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
شہریوں نے ضلعی پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور تسلسل کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھی جائیں، تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ بنایا جا سکے۔ عوامی حلقے اس بات پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں کہ ایس ایچ او کیڈٹ قمر شہزاد اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد معاشرے کے اس ناسور کے خاتمے کے لیے کس حد تک مؤثر اور دیرپا اقدامات کرتے ہیں
ایبٹ آباد: تھانہ نواں شہر میں نئے ایس ایچ او کا منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، ڈیڑھ کلو سے زائد ہیروئن برآمد.
14