حویلیاں: دوڑ نالہ پر متبادل راستے کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز.

107

پریس کلب حویلیاں اور ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں حویلیاں کے علاقے دوڑ نالہ کے مقام پر متبادل راستے کی تعمیر کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ خاص طور پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں درپیش مشکلات کو کم کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا ہے۔


اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک اشتیاق خان نے اپنی ٹیم اور پریس کلب حویلیاں کے ممبران کے ہمراہ سائٹ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کام کو معیار کے مطابق اور جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ علاقے کے رہائشی اور مسافر جلد از جلد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
ایس ایس پی اشتیاق خان نے کہا کہ “ٹریفک کی بہتری اور شہریوں کی سہولت ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوامی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔”
انہوں نے پریس کلب حویلیاں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ “یہ باہمی تعاون عوامی مفاد کے منصوبوں میں بہتری کا باعث ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی ایسے عوام دوست اقدامات کے لیے تعاون جاری رہے گا۔”
یہ متبادل راستہ نہ صرف موجودہ ٹریفک بوجھ کو کم کرے گا بلکہ ایمبولینس، اسکول بسوں اور عام مسافروں کے لیے آمدورفت میں آسانی بھی فراہم کرے گا، جس سے علاقے میں رہنے والے شہریوں کے روزمرہ مسائل میں واضح کمی آئے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں