فراز قریشی باقاعدہ اسسٹنٹ کمشنر بفہ پکھل تعینات، صوبائی حکومت کا نوٹیفکیشن جاری.

11

صوبائی حکومت نے تحصیل بفہ پکھل میں انتظامی تسلسل برقرار رکھتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر فراز قریشی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں باقاعدہ طور پر اسسٹنٹ کمشنر بفہ پکھل تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں اے سی بفہ پکھل نایاب عباسی کی علالت کے باعث فراز قریشی کو عارضی طور پر تحصیل کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق نایاب عباسی کا تبادلہ کر دیا گیا ہے جبکہ فراز قریشی کو مستقل بنیادوں پر اس عہدے کی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ عارضی تعیناتی کے دوران فراز قریشی نے مختصر عرصے میں تحصیل بھر میں انتظامی معاملات کو مؤثر انداز میں منظم کیا اور مختلف شعبوں میں نمایاں بہتری لائی۔
انہوں نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کی نشاندہی اور ضابطے کے مطابق کارروائی، تجاوزات کے خاتمے، ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، اور بازاروں میں پرائس کنٹرول میکانزم کو فعال بنانے کے اقدامات کیے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں نہ صرف بازاروں میں نظم و ضبط بہتر ہوا بلکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی استحکام دیکھنے میں آیا۔
اس کے علاوہ انہوں نے سرکاری دفاتر میں حاضری اور عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کو بھی مؤثر بنایا، کھلی کچہریوں کے انعقاد کے ذریعے شہریوں کے مسائل براہِ راست سنے اور موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔ صفائی ستھرائی، ٹریفک نظم و نسق اور ریونیو سے متعلق امور میں بھی اصلاحات کی گئیں۔
عوامی و سماجی حلقوں، تاجروں اور عمائدین علاقہ نے فراز قریشی کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کی مستقل تعیناتی سے انتظامی استحکام آئے گا اور تحصیل میں جاری ترقیاتی و اصلاحی اقدامات مزید تیزی سے آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فراز قریشی آئندہ بھی اسی جذبے، شفافیت اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں