صوبائی حکومت کے احکامات اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ محترمہ ثناء فاطمہ نے ریونیو اسٹاف اور پولیس کی نفری کے ہمراہ بڑیڑی کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد کیمپ میں مقیم افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی کے عمل کا جائزہ لینا اور انتظامی امور کی نگرانی کرنا تھا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے رجسٹریشن کاؤنٹرز، دستاویزی کارروائی، سیکیورٹی انتظامات، طبی سہولیات اور ٹرانسپورٹ کے انتظام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے بریفنگ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ حکومتی پالیسی کے مطابق تمام مراحل شفاف، منظم اور بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ کسی بھی قسم کی بدانتظامی یا شکایت کی گنجائش باقی نہ رہے۔
محترمہ ثناء فاطمہ نے اس بات پر زور دیا کہ واپسی کے عمل کے دوران انسانی ہمدردی، عزتِ نفس اور بنیادی حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے۔ خواتین، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی عملداری کو یقینی بناتے ہوئے ہر فرد کے ساتھ احترام اور شائستگی کا برتاؤ کیا جائے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ تمام ادارے باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں تاکہ افغان شہریوں کی باعزت اور محفوظ واپسی یقینی بنائی جا سکے۔ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتی پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ عوامی مفاد، شفافیت اور انسانی اقدار کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا تاکہ تمام معاملات احسن انداز میں پایۂ تکمیل تک پہنچ سکیں۔











بڑیڑی کیمپ کا دورہ: اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ کی افغان شہریوں کی واپسی کے عمل کی نگرانی.
11