ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی خصوصی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران کینٹ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش ساجد عرف کالا کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ اور ڈی ایس پی کینٹ طاہر سلیم کی زیر نگرانی جبکہ ایس ایچ او تھانہ کینٹ علی جدون کی قیادت میں عمل میں لائی گئی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ شب نگکی روڈ کے مقام پر کینٹ پولیس کی ٹیم معمول کی گشت پر موجود تھی کہ اس دوران مشکوک افراد سے آمنا سامنا ہو گیا۔ پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزم ساجد عرف کالا ولد رفیق سکنہ سبزی منڈی اور اس کے ساتھی وقاص عرف وکی نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے فوری طور پر پوزیشن سنبھالتے ہوئے جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم ساجد عرف کالا اپنے ہی ساتھی وقاص عرف وکی کی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گیا، جسے پولیس نے فوری قابو کر کے حراست میں لے لیا اور طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے 394 گرام آئس (منشیات) برآمد کر کے قبضے میں لے لی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں مطلوب اور ریکارڈ یافتہ ہے۔
واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف تھانہ کینٹ میں زیر دفعہ 324، 353، 186، 189 تعزیراتِ پاکستان (PPC) اور دفعہ 11(1)(CNSA) کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی تاکہ شہر میں امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے۔
کینٹ پولیس کی بڑی کارروائی، بدنام منشیات فروش زخمی حالت میں گرفتار
12