بٹگرام: پھل و سبزی منڈی میں نرخوں کی جانچ، سرکاری ریٹ مقرر.

10

ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی خصوصی ہدایات پر تحصیلدار بٹگرام سعید احمد نے نمائندہ محکمہ خوراک اور نمائندہ محکمہ زراعت کے ہمراہ علی الصبح پھل و سبزی منڈی کا تفصیلی اور اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر منڈی میں دستیاب مختلف پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی، دستیابی اور قیمتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ افسران نے موقع پر موجود آڑھتیوں اور دکانداروں سے نرخوں کے بارے میں دریافت کیا اور مارکیٹ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری نرخ مقرر کیے تاکہ عوام الناس کو معیاری اشیائے خوردونوش مناسب اور سستے داموں فراہم کی جا سکیں۔
دورے کے دوران تحصیلدار سعید احمد نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام دکاندار اپنی دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں مقام پر آویزاں کریں اور مقرر کردہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اوورچارجنگ، ذخیرہ اندوزی یا نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانے اور گرفتاریاں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔


تحصیلدار نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متحرک ہے اور قیمتوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی مقام پر زائد قیمت وصول کی جائے یا سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی نظر آئے تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کے شکایت سیل نمبر 0997-310136 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں