بھائی کے قتل میں نامزد ملزم گرفتار، تھانہ نواز آباد پولیس کی بڑی کارروائی.

9

تھانہ نواز آباد پولیس نے ایک اہم اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے اپنے سگے بھائی کے قتل کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت بابر اقبال خان کے نام سے ہوئی ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے چند روز قبل سچاں کلاں (کنڈ دیدل) کے مقام پر گھریلو تنازع کے دوران فائرنگ کر کے اپنے حقیقی بھائی قیصر اقبال کو قتل کر دیا تھا۔
واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا، جس پر تھانہ نواز آباد میں مقتول کے لواحقین کی مدعیت میں دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی تھی۔ پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور خفیہ ذرائع کو متحرک کیا۔
ایس ایچ او تھانہ نواز آباد زبیر خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مخبر کی اطلاع پر شاہ زیب جھیل کے قریب گلیگاہ کے مقام پر کامیاب کارروائی کی۔ پولیس نے حکمت عملی اپناتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کیا اور ملزم کو گرفتار کر کے پابندِ سلاسل کر دیا۔ گرفتاری کے دوران ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے اسے قابو کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ آلہ قتل کی برآمدگی اور واقعے کے محرکات سے متعلق بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں