مانسہرہ: عباس قتل کیس میں تھانہ پھلڑہ کے ایس ایچ او حمزہ گرفتار، اپنے ہی تھانے کی حوالات میں بند

7

مانسہرہ میں شہری عباس کے مبینہ قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تھانہ پھلڑہ کے ایس ایچ او حمزہ کو ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم افسر کو اسی تھانے کی حوالات میں بند کیا گیا جہاں وہ بطور ایس ایچ او تعینات تھا۔
ذرائع کے مطابق شہری عباس کے قتل کے الزام میں ایس ایچ او حمزہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ملزم نے ابتدائی طور پر عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی تھی، تاہم آج عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد ضمانت منسوخ کر دی۔ عدالتی حکم کے فوری بعد پولیس نے انہیں تحویل میں لے لیا۔
عدالت نے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے تاکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش کی جا سکے اور شواہد اکٹھے کیے جائیں۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ نے ایس ایچ او حمزہ کو معطل کرتے ہوئے محکمانہ انکوائری کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق انکوائری میں غفلت یا اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عباس قتل کیس نے علاقے میں خاصی تشویش پیدا کر دی ہے اور شہری شفاف تحقیقات اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں