مانسہرہ میں حالیہ سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ محمد اظہر خان کے خصوصی احکامات پر ضلع بھر میں بھرپور “سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز” کیے گئے۔ ان آپریشنز کا مقصد جرائم کا سدباب، غیر قانونی اسلحہ کی روک تھام اور مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنا تھا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ضلع کے تمام سرکلز میں ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز نے لیڈیز پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری کے ہمراہ مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ چھاپے مارے۔ اس دوران متعدد گھروں، ہوٹلوں، سرائے، کرایہ کے مکانات اور مشتبہ مقامات کی تلاشی لی گئی۔ کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کر کے قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
آپریشن کے دوران کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر بائیو میٹرک تصدیق، کرمنل ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانہ جات منتقل کیا گیا۔ پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت حساس تنصیبات اور اہم مقامات کی سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا اور گشت میں اضافہ کیا گیا۔
سیکیورٹی اقدامات کے تحت کرایہ داری ایکٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مہم چلائی گئی۔ بغیر اندراج اور غیر قانونی طور پر رہائش پذیر کرایہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ مکان مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ فوری طور پر کرایہ داروں کا اندراج متعلقہ تھانے میں کرائیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی پی او محمد اظہر خان نے اس موقع پر واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن خراب کرنے یا قانون کو چیلنج کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
مانسہرہ: سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز، غیر قانونی اسلحہ برآمد، متعدد مشتبہ افراد حراست میں
4