ہزارہ ڈویژن کے لیے 200 ارب روپے کا تاریخی پیکیج، الائی کو ضلع بنانے کا اعلان

9

محمد سہیل آفریدی نے ہزارہ ڈویژن کی ترقی کے لیے ایک بڑے اور جامع مالیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے۔ پشاور ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں، جس میں ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکینِ اسمبلی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، وزیراعلیٰ نے خطے کی پسماندگی دور کرنے اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی کو باقاعدہ ضلع کا درجہ دینے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ الائی کے عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا جس کی تکمیل کے لیے تمام قانونی اور انتظامی تقاضے پورے کر لیے گئے ہیں۔ ضلع کا درجہ ملنے سے علاقے میں انتظامی امور میں بہتری، ترقیاتی فنڈز میں اضافہ اور عوام کو سرکاری خدمات کی فراہمی میں آسانی ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے ہزارہ ڈویژن کی مجموعی ترقی کے لیے 200 ارب روپے کے تاریخی پیکیج کا اعلان بھی کیا، جس میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، صحت و تعلیم کے منصوبے، صاف پانی کی فراہمی، بجلی و گیس کی توسیع، اور نوجوانوں کے لیے روزگار اسکیمیں شامل ہوں گی۔ مزید برآں، 50 ارب روپے خصوصی طور پر سیاحت کے فروغ کے لیے مختص کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ گلیات، کاغان ویلی، ناران اور دیگر سیاحتی مقامات پر انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا سکے اور مقامی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر شفافیت اور تیز رفتاری سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ منتخب نمائندوں سے مشاورت کا عمل بھی جاری رکھا جائے تاکہ ترقیاتی کام حقیقی عوامی ضروریات کے مطابق مکمل ہوں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت صوبے کے تمام علاقوں کی متوازن ترقی پر یقین رکھتی ہے اور ہزارہ ڈویژن کو اس کا جائز حق دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں