اشتیاق خان، ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد کی زیر صدارت حویلیاں میں تاجر برادری، وکلاء اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کے ساتھ ایک خصوصی مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کا جائزہ لینا اور ان کے مستقل اور مؤثر حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔
اجلاس کے دوران شرکاء نے شہر بالخصوص حویلیاں بازار اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے، غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے، سڑکوں کی کشادگی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد جیسے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے اپنے مسائل اور تجاویز ایس ایس پی ٹریفک کے سامنے پیش کیں۔
اس موقع پر باہمی مشاورت سے “سِٹیزن ٹریفک مینجمنٹ کمیٹی” تشکیل دی گئی، جو ٹریفک پولیس کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے ٹریفک مسائل کی نشاندہی کرے گی اور ان کے فوری حل میں معاونت فراہم کرے گی۔ یہ کمیٹی شہریوں اور ٹریفک پولیس کے درمیان رابطے کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوگی۔
ایبٹ آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ شہریوں کے تعاون سے ٹریفک نظام کو مزید منظم، محفوظ اور جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ عوام کو آمد و رفت میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ ایس ایس پی ٹریفک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنا کر حادثات کے خطرات کو کم کیا جائے گا اور شہریوں کے لیے بہتر سفری ماحول فراہم کیا جائے گا۔

حویلیاں میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس، سٹیزن ٹریفک مینجمنٹ کمیٹی قائم
5