چارسدہ: جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ کا واقعہ، ملزم موقع پر گرفتار، ڈی پی او کا فوری انکوائری کا حکم.

38

چارسدہ میں سٹی پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے جوڈیشل کمپلیکس کے احاطے میں فائرنگ کرنے والے ملزم کو آلۂ قتل سمیت موقع پر گرفتار کر لیا۔ افسوسناک واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جبکہ اعلیٰ پولیس حکام نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج مورخہ 25 فروری 2026 کو تھانہ سٹی کی حدود میں قائم جوڈیشل کمپلیکس چارسدہ کے اندر پیشی کے موقع پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں اعزاز ولد صفدر سکنہ پڑانگ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق مقتول اعزاز کو جیل سے چالان کے ذریعے پیشی کے لیے کچہری لایا گیا تھا۔ مقتول پر الزام تھا کہ اس نے تقریباً چھ ماہ قبل ملزم عاکف کے بھائی واصف کو قتل کیا تھا، جس کے بعد سے دونوں خاندانوں کے درمیان شدید دشمنی چلی آ رہی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزم عاکف ولد مجاہد سکنہ گل آباد سرڈھیری نے موقع ملتے ہی فائرنگ کی۔ تاہم سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ملزم کو قابو کر لیا اور اس کے قبضے سے پستول برآمد کر لی۔ ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے تھانہ سٹی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جامع انکوائری کا حکم جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے ڈی ایس پی سٹی جان محمد خان اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز انور خان کو انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے، ممکنہ سہولت کاروں کی نشاندہی کی جائے اور یہ بھی تحقیقات کی جائیں کہ اسلحہ جوڈیشل کمپلیکس کے اندر کیسے پہنچا۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ جوڈیشل کمپلیکس اور اطراف میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں