مانسہرہ میں چند روز قبل تھانہ پھلڑہ کی حدود میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالتی حکم پر گرفتار سابق ایس ایچ او پھلڑہ حمزہ کو پولیس نے سخت سیکیورٹی میں آج دوبارہ عدالت میں پیش کیا، جہاں فاضل جج نے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے ملزم کو بٹگرام جیل منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی
یاد رہے کہ واقعے کے فوری بعد پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کیے جانے پر مقتول کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا اور میت کو سڑک پر رکھ کر دھرنا دیا بعد ازاں عوامی دباؤ کے نتیجے میں ملزم کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کی گئی۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم نے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر لی تھی
گزشتہ روز عدالت نے ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی، جس کے بعد اسے تحویل میں لے لیا گیا۔ آج سماعت کے دوران عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم سنایا
سماعت کے موقع پر ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مانسہرہ جیل میں اسے جان کا خطرہ لاحق ہے، لہٰذا اسے کسی دوسرے ضلع کی جیل منتقل کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق ملزم کو خدشہ ہے کہ ماضی میں جن افراد کے خلاف اس نے کارروائیاں کیں یا مقدمات درج کیے، ان میں سے بعض اس وقت جیل میں قید ہیں، جس کے باعث اسے اپنی سلامتی کے حوالے سے تحفظات ہیں
عدالت کی جانب سے ملزم کو بٹگرام جیل منتقل کیے جانے کے فیصلے پر مقتول کے اہل خانہ نے اسے انصاف کی جانب ابتدائی پیش رفت قرار دیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لواحقین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے مطالبہ کیا کہ کیس کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے اور ذمہ دار کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی اختیارات کے ناجائز استعمال یا قانون ہاتھ میں لینے کی جرأت نہ ہو
دریں اثنا عباس ارشد کے ناحق قتل کیخلاف جندہ پڑھنہ میں تناول امن جرگے کا انعقاد کیا گیا جرگے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر اور آل پاکستان تنولی اتحاد کے مرکزی وائس چیئرمین حاجی ابرار حسین تنولی جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے سابق ایس ایچ او کے خلاف سخت جملے کہہ گئے
اس بیان کے بعد ضلعی پولیس سربراہ کی ہدایت پر پولیس نے حاجی ابرار حسین تنولی کی رہائش گاہ پر جا کر انہیں صدر تھانے لایا، جہاں ان کا معذرتی بیان قلمبند کیا گیا بعد ازاں یہ بیان مانسہرہ پولیس کے سرکاری سوشل میڈیا پیجز پر جاری کیا گیا، جس پر عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا شہریوں نے ضلعی پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں غیر جانبداری برقرار رکھے اور کسی بھی فریق کی مبینہ حمایت یا سہولت کاری سے گریز کرے
مانسہرہ فائرنگ کیس: سابق ایس ایچ او جوڈیشل ریمانڈ پر بٹگرام جیل منتقل، تحقیقات میں اہم پیش رفت.
33