Haripur Police کے سربراہ کا غازی کا جامع دورہ، سہولت مرکز اور Tarbela Dam ٹی فائیو پراجیکٹ کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ.

30

Haripur Police کے سربراہ کا تحصیل غازی کا تفصیلی دورہ، سہولت مرکز اور تربیلہ ٹی فائیو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا معائنہ


ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے تحصیل غازی کا جامع اور تفصیلی دورہ کیا، جس کا مقصد پولیس کارکردگی، عوامی سہولیات اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ دورے کے آغاز پر انہوں نے پولیس سہولت مرکز غازی کا معائنہ کیا، جہاں انچارج سہولت مرکز کائنات سید نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی۔
ڈی پی او نے سروس ڈیلیوری کے معیار، درخواستوں کے اندراج، کریکٹر سرٹیفکیٹس، پولیس کلیئرنس اور دیگر عوامی خدمات کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ شہریوں کو بروقت اور باعزت خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سہولت مراکز پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، لہٰذا شفافیت اور خوش اخلاقی کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔
بعد ازاں ڈی پی او نے ڈی ایس پی آفس غازی میں ڈسٹرکٹ ریکنسیلی ایشن کمیٹی (ڈی آر سی) کے اراکین سے ملاقات کی۔ چیئرمین ڈی آر سی غازی شاکر قریشی نے کمیٹی کی کارکردگی، حل کیے گئے تنازعات اور درپیش مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی پی او نے ڈی آر سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی بیسڈ پولیسنگ کے فروغ اور تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی کے لیے ڈی آر سی نہایت اہم فورم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ باہمی مشاورت، غیر جانبداری اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے معمولی نوعیت کے تنازعات کو مقامی سطح پر افہام و تفہیم سے حل کیا جائے تاکہ عدالتوں اور تھانوں پر بوجھ کم ہو۔
اس موقع پر ڈی آر سی کی خاتون ممبر اور معروف مصنفہ نصرت آراء نے ڈی پی او اور دیگر افسران کو اپنی تصنیف کردہ کتب پیش کیں۔ ڈی پی او نے ڈی ایس پی غازی، ایس ایچ او غازی، چیئرمین ڈی آر سی اور ممبران سمیت نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران و جوانوں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔
دورے کے دوسرے مرحلے میں ڈی پی او ہری پور نے Tarbela Dam کے ٹی فائیو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس ایس یو انچارج طاہر قریشی، ڈی ایس پی غازی مسعود خان، اسسٹنٹ کمشنر غازی جنید افتاب اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔ میجر (ر) علی نے فارنرز سکیورٹی اور موجودہ حفاظتی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی پی او نے پاور ہاؤس، کنٹرول روم اور داخلی و خارجی راستوں کا معائنہ کیا جبکہ ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے سکیورٹی کوریج کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ غیر ملکی ماہرین اور عملے کی رہائش گاہوں، دفاتر اور آمد و رفت کے راستوں پر سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت ہر وقت یقینی بنائی جائے اور کنٹرول روم سے مسلسل مانیٹرنگ کا مؤثر نظام برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے مزید تاکید کی کہ فارنرز کی نقل و حرکت کے دوران ایس ایس یو کے تربیت یافتہ اہلکاروں کی تعیناتی لازمی قرار دی جائے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریہرسل اور کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنایا جائے، تاکہ حساس قومی تنصیبات اور غیر ملکی عملے کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں