ڈھوڈیال میں قائم رمضان دسترخوان کا ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی شہریوں، مزدور پیشہ افراد اور مسافروں کے ہمراہ سادگی سے افطار کیا۔ دورے کا مقصد مستحق افراد کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی کے انتظامات اور کھانے کے معیار کا جائزہ لینا تھا۔
اس موقع پر المصطفیٰ ٹرسٹ کے انچارج نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ روزانہ سینکڑوں افراد کے لیے معیاری اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق افطاری کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ دسترخوان پر کھجور، فروٹ چاٹ، پکوڑے، سموسے، شربت اور دیگر اشیائے خوردونوش فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ بیٹھنے کے مناسب انتظامات اور پینے کے صاف پانی کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صفائی، نظم و ضبط اور کھانے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ایسے فلاحی اقدامات نہ صرف مستحق افراد کے لیے سہولت کا باعث بنتے ہیں بلکہ معاشرے میں ہمدردی، بھائی چارے اور باہمی تعاون کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔



انہوں نے المصطفیٰ ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح کے ایسے منصوبوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مستفید ہو سکیں۔
رمضان دسترخوان ڈھوڈیال میں ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کا دورہ، انتظامات کا جائزہ اور عوام کے ساتھ افطار.
29