مانسہرہ میں وزیراعظم شہباز شریف نے شہید کرنل شہزادہ گل فراز تنولی کے گھر پہنچ کر اہلِ خانہ سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، مشیر داخلہ رانا ثناءاللہ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر امیر مقام، رکن قومی اسمبلی کیپٹن صفدر اور سابق رکن اسمبلی مرتضیٰ عباسی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیراعظم نے شہید کے بھائیوں، بیٹوں اور دیگر اہلِ خانہ سے فرداً فرداً تعزیت کی اور شہید کی قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں اور حکومت شہداء کے ورثاء کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہید کے خاندان کو ہر ممکن سرکاری تعاون اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعظم نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ بعد ازاں وہ مختصر دورے کے بعد واپس اسلام آباد روانہ ہو گئے۔
دورے کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی جبکہ اطراف کے علاقوں میں بھی نگرانی کا عمل مؤثر بنایا گیا تھا۔
مانسہرہ: وزیراعظم کا شہید کرنل شہزادہ گل فراز تنولی کے گھر دورہ، فاتحہ خوانی اور اظہارِ تعزیت.
20