ہری پور: کھلابٹ پولیس اور جرائم پیشہ عناصر میں مقابلہ، بدنام زمانہ منشیات فروش زخمی حالت میں گرفتار

18

ضلع ہری پور میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ کھلابٹ پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں بدنام زمانہ آئس و ہیروئن فروش اور چوری، ڈکیتی، رہزنی و منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم رضوان شاہ عرف روزی شاہ زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ضلع کو جرائم اور منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنا اولین ترجیح ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کھلابٹ شفیق الرحمن، انچارج او سی یو سعید شاہ، پولیس نفری اور دیگر اہلکار ڈی ایس پی صدر محمد عارف کی زیر نگرانی معمول کی گشت پر تھے کہ اس دوران مشتبہ افراد سے آمنا سامنا ہوگیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے باارادہ قتل فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں ملزم رضوان شاہ عرف روزی شاہ ولد احتر حسین شاہ سکنہ ملکیار زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے پستول بمعہ ایمونیشن اور 2 کلو 522 گرام چرس برآمد کر لی گئی۔ زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے ٹراما سنٹر ہری پور منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم رضوان شاہ منشیات فروشی، چوری، ڈکیتی اور رہزنی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے اور اس کے خلاف پہلے بھی مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔ واقعے کے بعد فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزم کے خلاف اقدام قتل، ناجائز اسلحہ اور منشیات ایکٹ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ڈی پی او ہری پور نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں