صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر محمد سلیم نے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر شعیب خان، تحصیلدار شیرزادہ خان اور محکمہ زراعت کے نمائندے کے ہمراہ علی الصبح مقامی پھل و سبزی منڈی کا تفصیلی دورہ کیا۔




دورے کے دوران منڈی میں آنے والی اشیائے خوردونوش کی نیلامی کے عمل، سپلائی اور معیار کا جائزہ لیا گیا جبکہ مختلف اسٹالز پر فروخت ہونے والے پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کا باقاعدہ معائنہ کیا گیا۔ موقع پر موجود آڑھتیوں اور دکانداروں سے مشاورت کے بعد سرکاری نرخ نامہ جاری کیا گیا تاکہ عوام کو مقررہ قیمتوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے واضح ہدایت جاری کی کہ تمام دکاندار اپنی دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں اور واضح جگہ پر آویزاں کریں اور مقررہ نرخوں کی سختی سے پابندی کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ زائد قیمت وصول کرنے، ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث پائے جانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانہ اور دیگر قانونی اقدامات شامل ہوں گے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی دکاندار سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرے تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کے ہیلپ لائن نمبر 0997-310136 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
پھل و سبزی منڈی میں سرکاری نرخ مقرر، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ.
19