ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عظمیٰ شاہ نے ضلع ایبٹ آباد میں عوامی شکایات اور قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات پر سپلائی بازار کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف کریانہ اسٹورز، سبزی و فروٹ فروشوں، دودھ شاپس اور جنرل اسٹورز کی تفصیلی انسپکشن کی اور سرکاری نرخنامے، اشیاء کے معیار اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران متعدد دکاندار سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے کے مرتکب پائے گئے، جن کے خلاف موقع پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ بعض دکانداروں کو جرمانے عائد کیے گئے جبکہ چند کو سخت وارننگ جاری کی گئی کہ آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں مزید سخت ایکشن لیا جائے گا۔
چیکنگ کے دوران گڑ، دودھ، آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں اور دیگر اشیائے خوردونوش کے معیار، وزن اور نرخوں کو خصوصی طور پر چیک کیا گیا۔ ناقص صفائی اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کو فوری طور پر بہتری کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عظمیٰ شاہ نے اس موقع پر کہا کہ رمضان المبارک سمیت سال کے کسی بھی حصے میں من مانی قیمتیں وصول کرنا، ذخیرہ اندوزی کرنا یا سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنا ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اگر کوئی دکاندار اوورچارجنگ کرے یا ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرے تو متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے مختلف بازاروں میں اچانک دوروں اور چیکنگ کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔
ایبٹ آباد: سپلائی بازار میں اوورچارجنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد دکانداروں کے خلاف کارروائی.
26