ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور Shafiullah Gandapur کی زیر صدارت امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سرکل ڈی ایس پیز، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد تنویر، ڈی ایس پی ٹریفک فیصل حفیظ، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن اورنگزیب خان، تمام ایس ایچ اوز، انچارج شعبہ تفتیش، انچارج او سی یو برانچ، انچارج چوکیات، اور ڈسٹرکٹ سکیورٹی برانچ کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈی پی او ہری پور نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ افغان مہاجرین کی سہولت کاری کرنے والے عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں چوری، ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے۔ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جائے۔
ڈی پی او ہری پور نے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال، ہوائی فائرنگ اور دیگر خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جائے، غیر قانونی پارکنگ، کم عمر اور ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں جبکہ شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

ڈی پی او نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی کے دوران حفاظتی جیکٹ اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنایا جائے، تھانہ جات میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دیا جائے۔
ہنگامی اجلاس، جرائم پیشہ عناصر اور غیرقانونی مقیم افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت.
20