کوہاٹ کسٹمز کی بڑی کارروائی، نان ڈیوٹی پیڈ لگژری گاڑی ضبط.

22

Pakistan Customs انفورسمنٹ پشاور کے کلکٹر کو موصول ہونے والی خفیہ اور پیشگی اطلاع پر ڈپٹی کلکٹر کوہاٹ کے ذریعے فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اطلاع کے مطابق ایک نان ڈیوٹی پیڈ (NCP) لگژری گاڑی کوہاٹ سے پنجاب کی جانب منتقل کی جا رہی تھی۔


اسی اطلاع کی بنیاد پر اے ایس یو (ASU) کوہاٹ کی خصوصی ٹیم نے پنڈی روڈ پر ناکہ بندی کی اور لاچی کے قریب مشتبہ گاڑی کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے اسے روک لیا۔ چیکنگ کے دوران گاڑی کی شناخت ٹویوٹا ہائبرڈ کراؤن ماڈل 2015 کے طور پر ہوئی۔
کسٹمز اہلکاروں نے ڈرائیور/مالک سے گاڑی کی درآمدی دستاویزات، کلیئرنس پیپرز اور ڈیوٹی ادائیگی کے ثبوت طلب کیے، تاہم وہ کوئی بھی قانونی یا مستند دستاویز پیش نہ کر سکا۔ ابتدائی جانچ پڑتال میں گاڑی کو نان ڈیوٹی پیڈ قرار دیا گیا جس پر کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ دفعات کے تحت گاڑی کو موقع پر ہی ضبط کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ضبط شدہ گاڑی کی مالیت تقریباً 1 کروڑ 40 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز گودام منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس کامیاب کارروائی میں انسپکٹر وقار احمد، انسپکٹر شہزاد حسین اور دیگر اہلکاروں نے حصہ لیا۔ حکام کے مطابق اسمگلنگ اور نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں