ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کا تھانہ کینٹ میں جوانوں کے ساتھ پُروقار افطار، فورس کے مورال اور باہمی اتحاد پر زور.

19

ایبٹ آباد: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد ہارون رشید خان نے ماہِ رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر تھانہ کینٹ میں افسران اور جوانوں کے ہمراہ اجتماعی افطار میں شرکت کی۔ اس روح پرور تقریب میں ایس ایس پی ٹریفک اشتیاق خان، ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ، متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔




افطار سے قبل ڈی پی او نے جوانوں کے ساتھ غیر رسمی نشست کی جس میں انہوں نے ان کے مسائل، ڈیوٹی کے اوقات کار، سیکیورٹی چیلنجز اور فیلڈ میں درپیش مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے جوانوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک صبر، برداشت، ایثار اور خدمتِ خلق کا عملی درس دیتا ہے، اور پولیس فورس انہی اقدار کو سامنے رکھتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قیامِ امن کے لیے شب و روز مصروفِ عمل ہے۔
ڈی پی او ہارون رشید خان نے کہا کہ پولیس فورس کا بلند حوصلہ اور باہمی ہم آہنگی ہی اس کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت جاری کی کہ جوانوں کی فلاح و بہبود، صحت، رہائش اور ڈیوٹی کے دوران بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ وہ دلجمعی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ رہنا اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور بہترین رویہ اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عوامی اعتماد ہی پولیس کی کامیابی کی بنیاد ہے، جس کے لیے ہر اہلکار کو اپنی ذمہ داری دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت سے ادا کرنا ہوگی۔
تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن و استحکام، فورس کی کامیابی اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ افطار کے اس اجتماعی پروگرام نے افسران اور جوانوں کے درمیان باہمی تعلق کو مزید مضبوط کیا اور فورس کے مورال میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں