بالاکوٹ میں فائرنگ کا واقعہ، معروف مجذوب سوشل میڈیا اسٹار جاوید مہانڈری جاں بحق

19

بالاکوٹ میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ، معروف مجذوب سوشل میڈیا اسٹار جاوید مہانڈری جاں بحق
بالاکوٹ کے علاقے حصہ کھوئی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں مقامی طور پر معروف مجذوب اور سوشل میڈیا شخصیت جاوید مہانڈری فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق جاوید مہانڈری افطاری کے وقت اپنے چند دوستوں کے ہمراہ موجود تھے کہ اسی دوران شاہد نامی ایک پولیس اہلکار نے مبینہ طور پر ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق مقتول کی نعش کافی دیر تک موقع پر پڑی رہی، جبکہ مقامی افراد کی جانب سے پولیس کو متعدد بار اطلاع دینے کے باوجود فوری طور پر نعش کو منتقل نہیں کیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور شہریوں نے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ تاحال پولیس کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید تفصیلات اور قانونی کارروائی آئندہ سامنے آ سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں