محکمہ خوراک ضلع مانسہرہ کا رمضان المبارک میں عوامی ریلیف کے لیے مؤثر کریک ڈاؤن.

25

صوبائی حکومت اور محکمہ خوراک خیبرپختونخوا کے اعلیٰ حکام کی ہدایات، نیز ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی خصوصی نگرانی میں رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے محکمہ خوراک ضلع مانسہرہ متحرک ہے۔ اس سلسلے میں ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر انسپکشنز اور مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے تاکہ اشیائے خوردونوش سرکاری نرخنامے کے مطابق دستیاب ہوں اور ذخیرہ اندوزی یا منافع خوری کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔






ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شیراز انور خان کی زیر نگرانی آج علی الصبح اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر پرستان قریشی نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ مرکزی سبزی منڈی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے عمل کی نگرانی کی گئی، معیار اور مقدار کا جائزہ لیا گیا، اور موقع پر سرکاری نرخنامہ جاری کیا گیا تاکہ صارفین کو مناسب قیمتوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
بعد ازاں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شیراز انور خان نے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر پرستان قریشی اور فوڈ انسپکٹر شعیب لودھی کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران قصاب خانوں، سبزی و فروٹ شاپس، دودھ و دہی کی دکانوں، کریانہ سٹورز، مرغ شاپس اور میگا مارٹس کو چیک کیا گیا۔ دکانداروں کے پاس موجود نرخناموں، صفائی کے انتظامات، معیارِ خوراک اور وزن کے پیمانوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے، غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے اور نرخنامہ آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف موقع پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ بعض دکانداروں کو سخت وارننگ جاری کی گئی کہ آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ خوراک مانسہرہ نے واضح کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں