بٹگرام: ڈی پی او قمر حیات خان کا تھانہ چانجل میں جوانوں کے ہمراہ افطار ڈنر، مورال بلند رکھنے کے عزم کا اظہار.

25

بٹگرام: قمر حیات خان (PSP)، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام نے تھانہ چانجل میں تعینات پولیس افسران و جوانوں کے ہمراہ افطار ڈنر میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ چانجل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔




ڈی پی او نے جوانوں کے ساتھ بیٹھ کر سادگی سے افطار کیا اور ان سے پیشہ ورانہ امور، ڈیوٹی کے دوران درپیش مسائل اور عوامی خدمت سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک صبر، برداشت، ایثار اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے، اور پولیس فورس انہی اعلیٰ اقدار کو اپناتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکل اور طویل ڈیوٹی کے باوجود جوان جس جذبۂ ایمانی اور پیشہ ورانہ لگن کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں وہ قابلِ تحسین ہے۔ فورس کا مورال بلند رکھنا، ان کے مسائل کو سننا اور براہِ راست رابطہ قائم رکھنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ محکمہ پولیس مزید مؤثر انداز میں عوام کی خدمت انجام دے سکے۔
ڈی پی او نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع بٹگرام میں امن و امان کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن و استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
ترجمان بٹگرام پولیس

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں