ایبٹ آباد: ایس ایس پی ٹریفک اشتیاق خان نے ڈرائیونگ ٹیسٹ ایریا کا اچانک دورہ کرتے ہوئے ٹیسٹنگ کے تمام مراحل کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر سراج خان، انچارج ڈرائیونگ ٹیسٹ برانچ اور متعلقہ افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔

ایس ایس پی ٹریفک نے لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے امیدواروں کے تھیوری اور پریکٹیکل ٹیسٹ کے طریقہ کار، بائیومیٹرک تصدیق، ریکارڈ کی دیکھ بھال اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹیسٹنگ ٹریک، گاڑیوں کی فٹنس، کیمروں کی کارکردگی اور شہریوں کے لیے بنائے گئے ویٹنگ ایریا، پانی اور سایہ دار جگہوں سمیت سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کا عمل مکمل طور پر شفاف، منظم اور میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے، تاکہ کسی بھی قسم کی سفارش یا غیر قانونی عمل دخل کی گنجائش باقی نہ رہے۔ انہوں نے عملے کو تاکید کی کہ امیدواروں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور بزرگ شہریوں و خواتین کے لیے خصوصی سہولت فراہم کی جائے۔
ایس ایس پی ٹریفک نے موقع پر موجود شہریوں سے گفتگو بھی کی، ان کے مسائل اور تجاویز سنیں اور بعض شکایات پر فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹریفک نظام میں بہتری، کرپشن کے خاتمے اور عوام کو بروقت اور باعزت سہولت کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد اشتیاق خان کا ڈرائیونگ ٹیسٹ ایریا کا اچانک دورہ، نظام کا تفصیلی جائزہ.
16