ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد اشتیاق خان کی خصوصی ہدایات پر ٹریفک پولیس نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ شہر بھر میں تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ اور غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ اس سلسلے میں ڈی ایس پی سٹی اور ڈی ایس پی حویلیاں نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران کے ہمراہ ایبٹ آباد کے بند کھوہ، لنک روڈ، مین بازار اور حویلیاں کے مختلف تجارتی مراکز میں مشترکہ کارروائیاں کیں۔




آپریشن کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی ریڑھیاں، تھڑے اور عارضی تجاوزات ہٹا دی گئیں جبکہ شاہراہوں پر کھڑی غیر قانونی پارکنگ کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ متعدد مقامات پر قائم غیر منظور شدہ ٹرانسپورٹ اڈوں کو ختم کر کے ٹریفک کی روانی کو بحال کیا گیا۔ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو سخت وارننگ جاری کی گئی جبکہ بعض کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔
ایس ایس پی ٹریفک اشتیاق خان کا کہنا تھا کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں پر قبضہ، غیر قانونی پارکنگ اور ازخود قائم کردہ اڈے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے مشترکہ آپریشنز بلا امتیاز جاری رہیں گے تاکہ شاہراہوں کی روانی برقرار رہے اور شہریوں کو محفوظ اور آسان سفر کی سہولت میسر آ سکے۔
ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا ایبٹ آباد و حویلیاں میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن.
21