بٹگرام و تھاکوٹ بازاروں میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، مضرِ صحت آئل اور غیر معیاری کلیجی تلف، متعدد دکانیں سیل.

21

صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شیر دل اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سید احمد جمال شاہ نے ہلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ ضلع بٹگرام کے مرکزی بازار بٹگرام اور تھاکوٹ میں اچانک اور تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران مختلف ہوٹلوں، کباب فروشوں، قصابوں اور اشیائے خوردونوش کی دکانوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔










کارروائی کے دوران کباب فروشوں کی جانب سے استعمال کیے جانے والے آئل (تیل) کی کوالٹی چیک کی گئی۔ متعدد مقامات پر انتہائی خراب، جلا ہوا اور مضرِ صحت آئل پایا گیا جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ تھا۔ مذکورہ آئل کو فوری طور پر موقع پر ہی تلف کر دیا گیا جبکہ متعلقہ دکانداروں کو سخت تنبیہ کی گئی۔
اسی طرح لاہور سے لائی گئی غیر معیاری اور بدبودار کلیجی بھی برآمد ہوئی جو فروخت کے لیے رکھی گئی تھی۔ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے کلیجی کو ضبط کر کے تلف کیا اور سپلائی چین کی چھان بین شروع کر دی تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، صفائی کے ناقص انتظامات، زائد المعیاد اشیاء کی موجودگی اور ملاوٹ کے شواہد پر متعدد دکانوں کو موقع پر سیل کیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے جرمانے عائد کیے گئے اور بعض کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ ماہِ رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری، محفوظ اور صاف ستھری اشیائے خوردونوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں انسپکشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ ملاوٹ یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت کی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں