مانسہرہ: ممتاز نوجوان تاجر و سماجی رہنما چن زیب عرف چن بھائی انتقال کر گئے.

22

مانسہرہ (وائرل نیوز پاکستان) شہر کے معروف نوجوان تاجر اور ہر دلعزیز سماجی شخصیت چن زیب المعروف چن بھائی طویل علالت کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کے انتقال کی خبر سنتے ہی شہر بھر میں فضا سوگوار ہو گئی اور تاجر برادری سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
مرحوم، ممتاز تاجر محمد شفیع مرحوم کے صاحبزادے تھے اور کاروباری حلقوں میں نہایت نیک نامی اور خوش اخلاقی کے باعث پہچانے جاتے تھے۔ وہ نہ صرف ایک کامیاب تاجر تھے بلکہ سماجی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ فلاحی کاموں، مستحق افراد کی مدد اور نوجوانوں کی رہنمائی میں ان کا کردار قابلِ ذکر رہا۔

مرحوم کی نماز جنازہ گزشتہ روز بیدڑہ روڈ پارکنگ لوہاربانڈہ میں ادا کی گئی جس میں تاجر برادری، سیاسی و سماجی شخصیات، علما کرام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنازے کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور شرکا نے مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر تاجر برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کے بھائیوں ڈاکٹر شہزاد اور وقاص عرف کاشی سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
شہر کی تاجر برادری اور سماجی حلقوں کا کہنا تھا کہ چن بھائی کی وفات سے ایک مخلص، باکردار اور خدمت گزار شخصیت سے محرومی ہوئی ہے جس کا خلا مدتوں پُر نہیں ہو سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں