بالاکوٹ میں پارس کے رہائشی نوجوان شہریار پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد Mansehra Police کے ضلعی سربراہ محمد اظہر خان نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری محکمانہ کارروائی کا حکم جاری کر دیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ میں ملوث پائے جانے والے دو اہلکاروں قدیر اور عبداللہ شاہ کو فوری طور پر معطل کر کے پولیس لائن کلوز کر دیا گیا ہے، جبکہ دونوں کے خلاف باقاعدہ چارج شیٹ جاری کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی شفاف اور غیر جانبدارانہ محکمانہ انکوائری کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
ضلعی پولیس سربراہ محمد اظہر خان کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس میں احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری ہے اور قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انکوائری کو مقررہ وقت میں مکمل کر کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، اور کسی بھی اہلکار کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال یا غیر قانونی اقدام کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام کا اعتماد بحال رکھنا محکمہ پولیس کی ترجیح ہے، اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے داخلی نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
بالاکوٹ: نوجوان شہریار پر مبینہ تشدد، دو پولیس اہلکار معطل، محکمانہ انکوائری شروع.
12