بٹگرام بازار کا اچانک معائنہ، سرکاری نرخنامہ کی خلاف ورزی اور تجاوزات پر کارروائی.

19

صوبائی حکومت کی گڈ گورننس پالیسی اور عوامی ریلیف اقدامات کے تحت ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام اختر رسول نے بٹگرام بازار کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بازار کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور سرکاری نرخنامہ پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔







معائنہ کے دوران مختلف فوڈ پوائنٹس، ہوٹلوں، گوشت اور چکن کی دکانوں کو چیک کیا گیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ سرکاری نرخنامہ نمایاں جگہ پر آویزاں ہو اور اس پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہو۔ بعض دکانوں پر نرخنامہ آویزاں نہ ہونے اور قیمتوں میں بے ضابطگی کی شکایات سامنے آئیں، جن پر متعلقہ دکانداروں کو سخت تنبیہ کی گئی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔
اس موقع پر رمضان مانیٹرنگ ڈیسک کا بھی معائنہ کیا گیا جہاں شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جائے تاکہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
دورے کے دوران بازار میں قائم عارضی تجاوزات کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر رکھا گیا سامان، ریڑھیاں، اسٹالز، عارضی شیڈز اور دکانوں کے باہر پھیلایا گیا سامان فوری طور پر ہٹوا دیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور شہریوں کو آمدورفت میں پیش آنے والی مشکلات کو کم کرنا تھا۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اختر رسول نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت جاری کی کہ وہ سرکاری نرخنامہ کی پابندی کریں اور سڑک یا فٹ پاتھ پر کسی بھی قسم کی تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ اگر کسی دکاندار کو خلاف ورزی کرتے پایا گیا تو اس کے خلاف جرمانہ، سامان ضبط کرنے اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے، مہنگائی پر قابو پانے اور بازاروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے اس قسم کے اچانک معائنے اور کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں