رمضان المبارک میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن، ڈرائیوروں کو تنبیہ کے بعد بغیر چالان رہا کر دیا گیا

28

ایبٹ آباد: ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد اشتیاق خان کی خصوصی ہدایات پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف ٹریفک پولیس کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک پولیس نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی متعدد گاڑیوں کو تحویل میں لے کر پولیس لائن گراؤنڈ منتقل کر دیا۔
بعد ازاں ایس ایس پی ٹریفک اشتیاق خان نے تمام ڈرائیوروں کو جمع کر کے ان سے خصوصی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ماہِ رمضان المبارک صبر، برداشت اور نظم و ضبط کا درس دیتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ڈرائیور حضرات سڑکوں پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب اپنے اہلِ خانہ کے لیے رزقِ حلال کمانے کی نیت سے گھروں سے نکلتے ہیں، لہٰذا ٹریفک قوانین کی پابندی کرنا نہ صرف آپ کی ذمہ داری ہے بلکہ دیگر شہریوں کی حفاظت کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک نے ڈرائیوروں سے یہ وعدہ بھی لیا کہ وہ آئندہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے گریز کریں گے اور سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنے میں ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے حسنِ نیت اور اصلاحی اقدام کے طور پر اعلان کیا کہ تمام ڈرائیوروں کو اس مرتبہ بغیر چالان کے چھوڑ دیا جائے گا، تاہم آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیور حضرات مقررہ اسٹاپ کے علاوہ کہیں بھی سواری نہ اتاریں اور نہ بٹھائیں، جبکہ گاڑیاں پارک کرتے وقت اس بات کو یقینی بنائیں کہ دیگر شہریوں کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ مزید برآں گاڑیوں سے کالے شیشے، پریشر ہارن اور غیر ضروری آواز پیدا کرنے والے ٹیپ ریکارڈرز فوری طور پر ہٹا دیے جائیں۔



بعد ازاں ایس ایس پی ٹریفک اشتیاق خان نے پولیس لائن گراؤنڈ میں بند کی گئی گاڑیوں کا خود معائنہ کیا اور ڈرائیوروں کو گاڑیوں میں موجود مختلف خامیوں جیسے ٹیپ ریکارڈر، دروازوں کی خراب ہینڈل، کالے شیشے، غیر ضروری ایکسٹرا ڈیکوریشن، پردے اور پچھلی نمبر پلیٹ کی عدم موجودگی کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں فوری درست کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی سے نہ صرف حادثات میں کمی آئے گی بلکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بھی بہتر ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں