بٹگرام: سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں سی پیک روٹ پر چند افراد کو لڑائی جھگڑا اور ہنگامہ آرائی کرتے دیکھا گیا جس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بٹگرام پولیس نے بروقت کارروائی کر کے ملوث افراد کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام قمر حیات خان (PSP) کی خصوصی ہدایات پر تھانہ چانجل کے ایس ایچ او ظاہر خان نے پولیس نفری کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے ملزمان کی شناخت کی اور چھاپہ مار کارروائی کے دوران انہیں گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کے خلاف امن عامہ میں خلل ڈالنے، عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور قانون ہاتھ میں لینے کے الزامات کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ گرفتار افراد سے مزید تفتیش بھی جاری ہے تاکہ واقعہ میں ملوث دیگر افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او بٹگرام قمر حیات خان نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے، سڑکوں پر لڑائی جھگڑا کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پولیس کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
سی پیک روٹ پر لڑائی جھگڑا کرنے والے افراد گرفتار، بٹگرام پولیس کی فوری کارروائی.
24