ہری پور: سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ توہین آمیز زبان استعمال کرنے والا ملزم گرفتار.

27

ہری پور تھانہ سٹی پولیس نے سوشل میڈیا پر اہلِ حدیث مکتبِ فکر کے علماء کے خلاف غیر اخلاقی اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے عدالت میں پیش کرنے کے بعد سنٹرل جیل منتقل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ سٹی صدیق شاہ نے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم میثم عباس ولد منظور حسین شاہ سکنہ منکراء حال چوکی کو گرفتار کر لیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے سوشل میڈیا پر اہلِ حدیث فرقہ کے علماء کے خلاف توہین آمیز اور اشتعال انگیز الفاظ استعمال کیے تھے جس پر شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 295A کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے عدالت کے حکم پر اسے سنٹرل جیل منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر مذہبی شخصیات یا کسی بھی مکتبِ فکر کے خلاف نفرت انگیز اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں