ہری پور میں تھانہ کوٹ نجیب اللہ پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان مقابلے کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش اور پولیس پر فائرنگ میں ملوث ملزم عزیر شاہ کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ کوٹ نجیب اللہ عمران نواز، انچارج او سی یو سعید شاہ اور دیگر پولیس نفری نے ڈی ایس پی خانپور راجہ محمد بشیر کی زیر نگرانی تھانہ کی حدود میں محلہ اعوان آباد سوکا کے قریب ناکہ بندی کر رکھی تھی۔
دوران ناکہ بندی پولیس کو دو مشکوک افراد نظر آئے۔ پولیس کی جانب سے رکنے کا اشارہ کرنے پر ملزمان نے اچانک پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا مقابلہ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنا نام عزیر شاہ ولد اختر شاہ، سکنہ حال ایبٹ آباد بتایا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کرلیا۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ اس کے فرار ساتھی کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم عزیر شاہ ایک بدنام زمانہ منشیات فروش ہے اور اس کے خلاف ضلع ایبٹ آباد اور ہری پور کے مختلف تھانوں میں منشیات فروشی، پولیس پر فائرنگ اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ کینٹ ایبٹ آباد، تھانہ سکندرآباد ایبٹ آباد اور تھانہ سٹی ہری پور سمیت مختلف تھانوں میں 9C، 9D، 3/4EHO، 324، 353 اور 15AA جیسی دفعات کے تحت کئی مقدمات درج ہیں۔
مزید یہ کہ ملزم گزشتہ روز تھانہ سٹی ہری پور کی حدود میں ہونے والے ایک پولیس مقابلے میں بھی پولیس پر فائرنگ میں ملوث بتایا جاتا ہے۔
ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
پولیس نے ملزم عزیر شاہ اور اس کے مفرور ساتھی کے خلاف تھانہ کوٹ نجیب اللہ میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
🚨 ہری پور: تھانہ کوٹ نجیب اللہ پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان کامیاب پولیس مقابلہ، بدنام زمانہ منشیات فروش زخمی حالت میں گرفتار
17