بٹگرام میں خواتین کو ہراساں کرنے والے اوباش عناصر گرفتار.

26

بٹگرام: خواتین کو ہراساں کرنے، ڈرا دھمکا کر خوف و ہراس پھیلانے والے اوباش عناصر کے خلاف سٹی پولیس نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام قمر حیات خان (PSP) کے نوٹس لینے پر سٹی پولیس متحرک ہو گئی۔ ایس ایچ او سٹی فرید خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان نعمت اللہ اور محمد فاروق سکنہ اجمیرہ کو گرفتار کر لیا، جو مبینہ طور پر خواتین کو ہراساں کرنے اور انہیں خوفزدہ کرنے میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ یہ بھی جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا وہ اس نوعیت کی دیگر سرگرمیوں میں بھی ملوث رہے ہیں یا نہیں۔
اس موقع پر ڈی پی او بٹگرام قمر حیات خان کا کہنا تھا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بٹگرام میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق شہریوں خصوصاً خواتین کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ ایسے واقعات کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں