ایبٹ آباد: ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد اشتیاق خان نے شہر میں ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مین قراقرم ہائی وے (کے کے ایچ)، گامی اڈہ، لنک روڈ اور ہسپتال روڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی، پارکنگ کے مسائل اور غیر قانونی اڈوں کا معائنہ کیا۔



ایس ایس پی ٹریفک نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت دی کہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے غیر قانونی اڈوں، تجاوزات اور غلط پارکنگ کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس دوران ٹریفک اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے کئی مقامات سے غیر قانونی اڈے ختم کروائے، سڑکوں پر قائم تجاوزات ہٹوائیں اور غلط پارک کی گئی گاڑیوں کو بھی ہٹا دیا۔
اس موقع پر انسپکٹر ٹریفک وسیم خان اور دیگر ٹریفک اہلکار بھی ایس ایس پی ٹریفک کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے مختلف مقامات پر ٹریفک کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔
ایس ایس پی ٹریفک اشتیاق خان نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور سہل سفری سہولیات فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ بازاروں، اہم شاہراہوں اور ہسپتالوں کے اطراف ٹریفک کے بہاؤ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں اور سڑکوں پر رکاوٹ پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور گاڑیاں صرف مقررہ پارکنگ مقامات پر کھڑی کریں۔
ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد کا مختلف شاہراہوں کا دورہ، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے احکامات
21