بٹگرام: صوبائی حکومت کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سپیشل مجسٹریٹ/تحصیلدار سعید احمد نے بٹگرام بازار کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف دکانوں کا معائنہ کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، معیار اور سرکاری نرخناموں کی دستیابی کو چیک کیا۔
دورانِ انسپکشن متعدد دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ کا بغور جائزہ لیا گیا جبکہ دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اشیائے ضروریہ مقررہ سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کریں۔ زائد نرخ وصول کرنے والے چند دکانداروں کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ آئندہ گراں فروشی یا سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دورے کے دوران سپیشل مجسٹریٹ نے بازار کے ٹریفک نظام کا بھی جائزہ لیا اور ٹریفک انچارج و اسسٹنٹ ٹریفک انچارج سے ملاقات کی۔ انہیں ہدایت کی گئی کہ بازار میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے، غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
تحصیلدار سعید احمد کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کا بنیادی مقصد شہریوں کو معیاری اور مناسب قیمتوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانا اور بازاروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے ایسے معائنے آئندہ بھی جاری رہیں گے۔











بٹگرام بازار میں سرکاری نرخوں کی چیکنگ، گراں فروشوں کو سخت وارننگ
12