ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کا تھانہ حطار کا تفصیلی دورہ، سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت

12

ہری پور: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے تھانہ حطار کا تفصیلی دورہ کیا اور تھانے کے انتظامی و سکیورٹی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی خانپور راجہ محمد بشیر اور ایس ایچ او تھانہ حطار ساجد نواز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران ڈی پی او ہری پور نے تھانے کی عمارت، حوالات، اسلحہ خانہ، مال خانہ اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا جبکہ ریکارڈ کی درستگی اور مقدمات کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کرنے کی ہدایت کی۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے افسران کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں سکیورٹی کے مزید سخت اور مؤثر انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں، تجارتی مراکز اور دیگر عوامی مقامات پر پولیس کی موجودگی بڑھائی جائے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ رات کے اوقات میں گشت کے نظام کو مؤثر بنایا جائے، سنیپ چیکنگ اور ناکہ بندیوں میں اضافہ کیا جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں، عادی جرائم پیشہ عناصر، چوروں اور ڈکیتوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔
ڈی پی او ہری پور نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح بنائے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اور اہلکار اپنی ڈیوٹی ذمہ داری، دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔




اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں