عیدالفطر پر زائد کرایہ وصولی کے خلاف کریک ڈاؤن، ڈی پی او مانسہرہ کی ٹریفک پولیس کو سخت ہدایات

14

(MansehraDotCom) عیدالفطر کی آمد کے موقع پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے اور گاڑیوں کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والے ٹرانسپورٹ اڈہ مالکان، منشیوں اور ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ محمد اظہر خان نے ٹریفک پولیس کو اس حوالے سے واضح اور سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ڈی پی او مانسہرہ کے مطابق عیدالفطر کے دنوں میں اکثر ٹرانسپورٹرز کی جانب سے گاڑیوں کی مصنوعی شارٹج پیدا کر کے مسافروں سے من مانا اور زائد کرایہ وصول کیا جاتا ہے، جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور قانون کے مطابق سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔
محمد اظہر خان نے کہا کہ ٹریفک پولیس اڈوں پر موجود منشیوں اور ٹرانسپورٹ مالکان کو بھی پابند بنائے کہ وہ سرکاری کرایہ نامے پر مکمل عملدرآمد کریں۔ کسی بھی ڈرائیور یا اڈہ مالک کو یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ مسافروں کو پریشان کرتے ہوئے گاڑیوں کی کمی کا بہانہ بنا کر اضافی کرایہ وصول کرے۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں سے ہزاروں شہری اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں، ایسے میں پولیس کی ذمہ داری ہے کہ مسافروں کو سہولت اور تحفظ فراہم کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس سلسلے میں ٹریفک پولیس مانسہرہ نے ضلع بھر کے مختلف ٹرانسپورٹ اڈوں اور اہم شاہراہوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی چیکنگ شروع کر دی ہے۔ پولیس اہلکار گاڑیوں کو روک کر مسافروں سے کرایہ کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے ہیں اور سرکاری کرایہ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔


ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ عید کے تیسرے دن تک یہ خصوصی مہم جاری رہے گی تاکہ کسی بھی مسافر کے ساتھ زیادتی نہ ہو اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں